اسلام آباد(رم نیوز ) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں جھینگا فارمنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری لانے اور پیداوار و برآمدات میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔ آبی جھینگا (ایکوا شرمپ) سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے تحت 14 ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کے بعد تشکیل دیے گئے ساتوں ورکنگ گروپس نے صوبائی حکومتوں، صنعت کاروں اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے اپنی سفارشات مکمل کر لی ہیں۔ وفاقی وزیر کے مطابق ان سفارشات کو یکجا کر کے ایک قابلِ عمل اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع رپورٹ تیار کی جا رہی ہے، جس میں وفاقی و صوبائی اداروں اور نجی شعبے کی ذمہ داریوں اور اہداف کا واضح تعین ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حتمی جائزے کے بعد یہ سفارشات جلد منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کر دی جائیں گی۔
جھینگا فارمنگ کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے لیے جامع روڈ میپ مرتب کر رہے ہیں: جنید انوار چوہدری