پاک چین مشترکہ خلائی مشن ’شین ژو 24‘ کامیابی کے ساتھ چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک

جیوچوان / اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان نے خلائی تحقیق کی دنیا میں ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ پاک چین مشترکہ خلائی مشن ’شین ژو 24‘ کامیابی کے ساتھ چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ہو گیا، جس کے ساتھ ہی محمد ذیشان علی خلا کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی خلاباز بن گئے ہیں۔ جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہونے والا یہ خلائی جہاز ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد تیانگونگ اسٹیشن سے جڑا۔ محمد ذیشان علی دو چینی خلابازوں، تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ ایک ہفتہ خلا میں قیام کریں گے۔ روانگی سے قبل وفاقی وزیر احسن اقبال نے خلابازوں کی الوداعی تقریب میں شرکت کی، جبکہ سپارکو اسلام آباد اور کراچی میں بھی اس تاریخی لمحے کا جشن منایا گیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس مشن کو پاک چین دوستی اور ملک کی سائنسی ترقی کا ایک سنہری باب قرار دیا ہے۔