پاک آذربائیجان مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آذربائیجان کی سٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشنز کے چیئرمین علوی مہدیوف کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں عوامی خدمات کی فراہمی اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اسلام آباد میں ’آسان خدمت مرکز‘ کے قیام اور اس کی کارکردگی کے تھرڈ پارٹی آڈٹ میں تعاون پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایک ہی چھت تلے شہریوں کو متعدد سہولیات کی فراہمی ایک انقلابی پیش رفت ہے۔ انہوں نے آڈٹ رپورٹ کی سفارشات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے ’آسان خدمت اتھارٹی‘ کے قیام کا حکم دیا، جو ملک بھر میں قائم ہونے والے مراکز میں خدمات کا معیار یکساں رکھنے کی ذمہ دار ہوگی۔ وزیراعظم نے حکام کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پورے پاکستان میں آسان خدمت مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ ٹیکنالوجی پر مبنی نظامِ حکمرانی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ اس اقدام کا دائرہ کار بڑھانے اور مسلسل رابطے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔