امریکہ کا 14 بڑے تجارتی شراکت داروں پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی انتظامیہ نے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ضرورت سے زیادہ پیداوار سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد چین، بھارت اور یورپی یونین سمیت 14 بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے درآمدی محصولات نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئے اقدامات کے تحت مختلف ممالک اور اشیاء پر الگ الگ شرح لاگو ہوگی، جس میں چین پر سب سے زیادہ 40 فیصد، ویت نام پر 35 فیصد جبکہ بنگلہ دیش، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک پر 20 سے 25 فیصد تک ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ تاہم بعض ممالک پر ٹیرف کی اصل شرح نسبتاً کم رہے گی کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی ان کے ساتھ محصولات کی بالائی حد مقرر کرنے کے تجارتی معاہدے کر چکے ہیں۔