اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت سمندری خوراک کی صنعت اور برآمدات کے فروغ سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزارت بحری امور کے فشریز کمشنر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک کی 578 کمپنیاں سمندری خوراک برآمد کر رہی ہیں، تاہم ان میں سے صرف تین کمپنیاں ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کر کے باہر بھیجتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مجموعی برآمدات میں ویلیو ایڈڈ مصنوعات کا حصہ کم از کم پانچ فیصد تک لانا چاہتی ہے۔ جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے ماہی گیری کے محکموں اور برآمد کنندگان سے مشاورت کی جائے گی اور جلد ایک ورکشاپ بھی منعقد ہوگی، جبکہ ملک میں جھینگوں کی افزائش اور آبی زراعت کے مراکز کو بھی فروغ دیا جائے گا۔