کیا 9 سے 5 کی نوکری قصہ پارینہ بننے والی ہے؟،مصنوعی ذہانت کام اور معاوضے کا نیا نظام لانے کو تیار

دبئی(رم نیوز) مصنوعی ذہانت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال نے دفاتر میں کام کرنے کے روایتی اوقات کار اور ماہانہ تنخواہوں کے نظام پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ دبئی میں مقیم اے آئی حکمت عملی کے مشیر نادر ترکی نے پیش گوئی کی ہے کہ مستقبل میں ملازمین کو دفتر میں گزارے گئے گھنٹوں کے بجائے ان کے کام کے نتائج کی بنیاد پر معاوضہ دیا جائے گا۔ ایجوکیشن سمٹ 2026 میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے نادر ترکی کا کہنا تھا کہ روزانہ آٹھ یا نو گھنٹے کام اور مقررہ تنخواہ کا تصور صرف ڈیڑھ سو سال پرانا ہے۔ اب چونکہ اے آئی ٹولز کام کی رفتار کو کئی گنا بڑھا چکے ہیں، اس لیے کمپنیاں وقت کے بجائے کارکردگی کو ترجیح دیں گی۔

انہوں نے دلیل دی کہ جب ایک شخص اے آئی کی مدد سے وہی کام بہت کم وقت میں مکمل کر سکتا ہے جو دوسرا شخص آٹھ گھنٹے میں کرتا ہے، تو ادارے محض وقت گزارنے کی ادائیگی کیوں کریں گے؟ ماہر ین کے مطابق آنے والے وقت میں مستقل ملازمتوں کے بجائے فری لانسنگ اور پراجیکٹ کی بنیاد پر کام کا رجحان غالب آ جائے گا، جہاں کمپنیاں مخصوص اہداف کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کریں گی۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں جہاں روایتی نوکریاں متاثر ہوں گی، وہیں اے آئی اخلاقیات کے ماہرین ، اے آئی ماڈلز کی جانچ کرنے والے اور ہیومن ٹرینرز جیسے جدید پیشوں کی مانگ میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔