تاریخ کے بدترین ڈیجیٹل بحران کے بعد ’کوڈ ریڈ‘ کا نفاذ،مائیکروسافٹ مستقبل کے خطرات سے کیسے نمٹے گا؟،یہ ٹیک دنیا کو کیسے بدلے گا؟

سان فرانسسکو(رم نیوز) نومبر کے وسط میں مائیکروسافٹ 365 کی سروسز میں آنے والے تقریباً 24 گھنٹے طویل تعطل نے عالمی ڈیجیٹل نظام کی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اس تاریخی ناکامی کے بعد مائیکروسافٹ نے اپنے انجینئرنگ اور بحران سے نمٹنے کے نظام میں بنیادی تبدیلیاں لانے کے لیے ’کوڈ ریڈ‘ نافذ کر دیا ہے۔ 12 اور 13 نومبر کے تعطل نے دنیا بھر میں ایئر لائنز، مالیاتی اداروں اور سرکاری دفاتر کو متاثر کیا، جس کے بعد ٹیک انڈسٹری میں کئی بڑے سوالات اور تبدیلیاں سامنے آ رہی ہیں۔ دنیا کے بڑے کاروباری اداروں اور حکومتوں کے لیے یہ بحران ایک انتباہ ہے کہ ایک ہی کلاؤڈ یا سافٹ ویئر ایکو سسٹم پر حد سے زیادہ انحصار کتنا پرخطر ہو سکتا ہے۔

آئندہ ادارے بیک اپ اور متبادل نظام پر زیادہ سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ مائیکروسافٹ نے ’کوڈ ریڈ‘ کے تحت پانچ ترجیحی شعبوں پر فوری کام شروع کیا ہے تاکہ آئندہ کسی بڑے تعطل کو روکا جا سکے اور خرابی کی صورت میں اسے ایک گھنٹے کے اندر حل کیا جا سکے۔انٹرنیٹ ٹریفک کو جغرافیائی خطوں کے حساب سے الگ الگ تقسیم کیا جائے گا تاکہ کسی ایک خطے میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی پوری دنیا کے نظام کو متاثر نہ کرے۔

سرورز پر زیادہ دباؤ پڑنے کی صورت میں بوجھ کم کرنے کے نظام اور تیز رفتار بحالی کے طریقہ کار کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ ایک خرابی کے نتیجے میں پورا نیٹ ورک بیٹھ نہ جائے۔خرابیوں کی فوری تشخیص اور سسٹم کے ڈیٹا کا تیزی سے تجزیہ کرنے کے لیے انجینئرز کی مدد کے لیے خصوصی مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس ( تعینات کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بحران کے دوران انجینئرز کو 11 مختلف چیٹ گروپس میں 11 ہزار سے زائد پیغامات کے ذریعے خرابی تلاش کرنا پڑی تھی۔ اب بڑے ٹیک ادارے بحران کے وقت انسانی افراتفری کم کرنے کے لیے اے آئی ایجنٹس کو ایمرجنسی رسپانس کا حصہ بنائیں گے، تاہم کارپوریٹ سسٹمز میں اے آئی پر بڑھتے ہوئے انحصار اور انسانی عملے کی کمی کے اثرات پر بحث بھی تیز ہو گئی ہے۔