ایرانی میزائل یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تہران کو معاہدے کا پورا موقع دے رہے ہیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (رم نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکا کی فتح قریب ہے، تاہم وہ مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے تہران کو معاہدے کا پورا موقع دے رہے ہیں۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں تھینکس گیونگ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ میں فتح کے وقت کا تعین وہ خود کریں گے اور ان کی انتظامیہ نے مذاکرات کا راستہ اب بھی کھلا رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نرمی برتتے ہوئے جانیں بچانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن یہ واضح نہیں کہ ایران اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا یا نہیں اٹھائے گا۔ مشرق وسطیٰ کے ساتھ مستقبل کے تعلقات سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکہ کے پاس اپنے وافر ذخائر موجود ہونے کے باعث اسے مشرق وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں بلکہ خطے میں امن درکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں عدم استحکام کی صورت میں ایران اسرائیل اور دیگر ممالک پر جوہری ہتھیار استعمال کر سکتا تھا، جبکہ ایرانی میزائل یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، جسے مضبوط امریکی مؤقف نے روکا۔