لاہور(رم نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 24/7 نادرا میگا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ کیا اور وہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ مختلف کاؤنٹرز پر گئے اور شناختی کارڈز سمیت دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی۔
انہوں نے سروس کی فراہمی میں لگنے والے وقت اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے سنٹر کے اندر تیز رفتار سروس اور عملے کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اندر داخل ہونے کے بعد چند ہی منٹوں میں کام مکمل ہو جاتا ہے، تاہم انہوں نے ٹوکن کے حصول کے لیے باہر انتظار کرنے کی شکایت بھی کی۔ محسن نقوی نے بہترین انتظامات اور فوری سروس کی فراہمی پر نادرا عملے کو شاباش دی اور شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ٹوکن کے حصول کے دوران انتظار کا مسئلہ بھی جلد حل کر دیا جائے گا۔