دبئی(رم نیوز) متحدہ عرب امارات میں ای سکوٹرز، ای بائیکس اور موپیڈز کے لیے نئے وفاقی قوانین یکم جنوری 2027 سے نافذ العمل ہو رہے ہیں، جس پر شہریوں اور ڈرائیوروں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لاپرواہ سواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ نئے ضابطوں کے تحت 15 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو تین سالہ پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔ ان سواریوں کی باقاعدہ رجسٹریشن لازمی ہوگی اور انہیں عام ٹریفک والی سڑکوں کے بجائے صرف مخصوص ٹریکس پر چلانے کی اجازت ہوگی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری، غلط سمت میں ڈرائیونگ، مصروف شاہراہوں کے استعمال اور کم عمر بچوں کے سکوٹر چلانے پر سخت پابندی عائد کی جانی چاہیے۔ مقامی ڈرائیوروں اور رہائشیوں نے ای سکوٹر سواروں کی لاپرواہی سے پیش آنے والے حادثات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ دیرہ، کرامہ، بر دبئی، النہدہ اور الممزر جیسے مصروف علاقوں میں ڈرائیوروں کے مطابق ای سکوٹر اچانک بڑی گاڑیوں کے بلائنڈ سپاٹ میں آ جاتے ہیں جس سے تصادم کا شدید خطرہ رہتا ہے۔