برطانیہ میں فلو کیسز میں اضافہ ، ہسپتالوں اور آئی سی یو میں داخلوں کی شرح 80 فیصد تک بڑھ گئی

لندن(رم نیوز) برطانیہ بھر میں موسم سرما کی آمد سے قبل ہی انفلوئنزا (فلو) کے کیسز میں غیر معمولی تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں انگلینڈ میں محض ایک ہفتے کے دوران فلو کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی شرح 80 فیصد بڑھ گئی ہے۔ برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی (UKHSA) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے فلو کے باعث ہسپتالوں میں داخلے کی شرح فی ایک لاکھ آبادی پر 5.0 سے بڑھ کر 9.0 تک پہنچ گئی ہے، جو رواں دہائی میں نومبر کے اس مرحلے پر ریکارڈ کی جانے والی بلند ترین سطح ہے۔ طبی ماہرین نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں فلو تیزی سے پھیل رہا ہے اور رواں ہفتے ہسپتالوں سمیت انتہائی نگہداشت کے یونٹس (آئی سی یو) میں مریضوں کے داخلے کی شرح میں تقریباً 80 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔