لندن(رم نیوز) برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم کے کرسمس سے قبل تمام بے گھر افراد کو رہائش دینے کے خصوصی منصوبے کے تحت اب تک سڑکوں پر سونے والے 3 ہزار 276 افراد کو چھت فراہم کرنے کی پیشکش کی جا چکی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 80 فیصد مقامی کونسلز پُراعتماد ہیں کہ وہ یکم دسمبر تک اپنے علاقوں میں موجود ہر بے گھر شخص کو رہائش کی پیشکش یقینی بنا لیں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے دوران انگلینڈ کی سڑکوں پر سونے والے افراد کی تخمینہ تعداد 9 ہزار 369 تھی، جن میں سے 3 ہزار سے زائد افراد کو اکتوبر میں اس پروگرام کے تحت کم از کم ایک بار ٹھکانے کی پیشکش کی گئی۔ تاہم سرکاری اعداد و شمار میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے افراد نے اس پیشکش کو قبول کیا۔ اس حوالے سے سماجی تنظیم 'بگ ایشو' کے بانی نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ بے گھر افراد کو سڑکوں سے ہٹانا خوش آئند ہے، لیکن محض پیشکشوں کے بجائے عملی نتائج پر توجہ دینی ہوگی۔