’انسٹاگرام ہمیشہ ڈاؤن ہوتا ہے، زوم کیوں ڈاؤن نہیں ہو سکتا؟‘

کراچی(رم نیوز)پاکستان میں جب اکثر لوگ واٹس ایپ پر ایک دوسرے کو پیغامات بھیج رہے تھے اور انسٹاگرام اور فیس بک پر اپنی پسندیدہ پوسٹس دیکھ رہے تھے، تو اچانک ہی ان تینوں ایپس نے اپنے صارفین سے ناراض ہو کر منھ موڑ لیا۔ہماری طرح کئی لوگ یہ سمجھے کہ شاید انٹرنیٹ خراب ہو گیا ہے۔ کچھ لوگوں نے اپنے وائی فائے کے بجائے موبائل ڈیٹا پیکج پر منتقل ہو کر یہ پلیٹ فارمز چلانے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ جناب گڑبڑ انٹرنیٹ میں نہیں، مسئلہ کچھ اور ہے۔اور جب متعدد کوششوں کے باوجود بھی یہ ایپس چل نہ پائیں تو کچھ لوگ تو یہ بھی سمجھ بیٹھے کہ شاید اُن کے اکاؤنٹس ہیک ہوگئے ہیں۔

اور پھر وہی ہوا جو ایسے مواقع پر ہوتا ہے۔ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر ٹوئٹر کی طرف دوڑ لگا دی گئی کہ دیکھیں تو سہی ماجرا کیا ہے۔اور وہاں سے معلوم ہوا کہ فیس بک کی ملکیت میں موجود ان تینوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی خدمات دنیا بھر میں کروڑوں صارفین کے لیے معطل ہیں۔فیس بک اور انسٹاگرام کے پیجز لوڈ ہونے کے بجائے ایک ایرر پیغام نظر آتا رہا جبکہ واٹس ایپ بھی کافی دیر تک کنیکٹ نہیں ہو پا رہا تھا۔تقریباً 20 منٹ تک سروسز معطل رہنے کے بعد بحال ہوگئی تھیں مگر آج کے دور میں کیا آپ 20 منٹ تک واٹس ایپ یا فیس بک یا انسٹاگرام کا ڈاؤن ہونا برداشت کر سکتے ہیں؟ نہیں ناں؟ ہم بھی نہیں کر سکتے اور صرف اِن 20 منٹوں میں ہی سوشل میڈیا صارفین نے اس حوالے سے لاتعداد میمز بنا ڈالے اور دنیا بھر میں انسٹاگرام ڈاؤن کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا۔

یاد رہے کہ ایک ماہ کے عرصے میں یہ دوسری مرتبہ ہے جب دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کی ملکیت ان تینوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی خدمات میں تعطل پیدا ہوا ہے۔اس سے قبل تقریباً تین ہفتے پہلے ایسا ہوا تھا اور اُس وقت تقریباً آدھے گھنٹے تک لوگ اپنی پسندیدہ پوسٹس شیئر نہیں کر سکے، لائیک نہیں کر سکے، اور کمنٹس باکس میں تابڑ توڑ حملے نہیں کر سکے تھے۔

اس تعطل کے حوالے سے فیس بک نے کہا سسٹم میں ایک تبدیلی کی وجہ سے کچھ لوگوں کے لیے فیس بک کی خدمات عدم دستیاب رہیں جس کے بعد اس مسئلے کی فوری جانچ کر کے اسے حل کر دیا گیا ہے۔

آئیں یہ بات مان ہی لیتے ہیں کہ ہم میں سے زیادہ تر لوگ بہت بے دلی سے زوم پر آن لائن کلاسیں لیتے ہیں، پریزنٹیشنز دیتے ہیں اور دفتری میٹنگز میں مائیک میوٹ کر کے بیٹھے رہتے ہیں۔ اسی پر جینی نامی صارف نے ایک میم پوسٹ کیا کہ انسٹاگرام ہمیشہ ڈاؤن ہوتا ہے آخر زوم کیوں ڈاؤن نہیں ہو سکتا؟