فیس بک کی ’میٹاورس‘ نامی نئی ورچوئل دنیا کیا ہے؟

کیلیفورنیا(رم نیوز)سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے نئی ڈیجیٹل دنیا ’میٹاورس‘ بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔فیس بک انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے ہارڈر ویئر، گیمنگ اور ورچوئل ریالٹی کے شعبوں کے ماہرین کو ایک گروپ کی صورت اکٹھا کر کے’میٹاورس‘ نامی نئی ڈیجیٹل دنیا بنا رہے ہیں ۔’میٹاورس‘ کی اصطلاح سائنس فکشن رائٹر نیل سٹیفنسن نے استعمال کی تھی، اس سے مراد ایک ایسی آن لائن دنیا ہے جہاں متعدد صارفین ایک ساتھ گھوم پھر سکیں، پیسے خرچ کر سکیں، میڈیا استعمال کر سکیں حتیٰ کہ مل جل کر کام بھی کر سکیں اور انہیں ایک دوسرے کے ساتھ ہونے کا احساس بھی ہو۔فیس بک کی انسٹا گرام ٹیم کے سربراہ وشال شاہ اس میٹاورس گروپ کی سربراہی کریں گے۔

فیس بک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انڈریو بوس ورتھ نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’آج ہم اپنی ٹیموں کو اکٹھا کر کے ایک میٹاورس پروڈکٹ گروپ بنا رہے ہیں تاکہ وہ اس اہم منصوبے پر کام کرے۔انہوں نے کہا کہ’میٹاورس کی اصل خصوصیت ’موجودگی‘ ہوگی یعنی ورچوئل دنیا میں لوگوں کے حقیقی ساتھ کا احساس۔انڈریو ورتھ کے مطابق’فیس بک کے ہارڈویئر جیسا کہ پورٹل سمارٹ سکرینیں اور اوکولس ورچوئل ریالٹی ہیڈ گیئر پہلے سے لوگوں کو ایک دوسرے سے دور ہونے کے باوجود قریب ہونے کا احساس دلا رہے ہیں۔ میٹا ورس کا مکمل ورژن بنانے کے لیےان تمام چیزوں کو مربوط بنانے کی ضرورت ہو گی۔‘

مقبول ویڈیو گیم فورٹ نائٹ بنانے والی امریکی کمپنی ایپک گیمز نے اس سال کے شروع میں کہا تھا کہ اس نےاپنی فنڈنگ میں ایک ارب ڈالرز کا اضافہ کیا ہے اور اس میں سے کچھ رقم میٹاورس کے وژن کی اعانت کے لیے استعمال کی جائے گی۔