نوکیا کے فونز رکھنے والے صارفین کے لئے بری خبر

کیلیفورنیا(رم نیوز) موبائل فون کمپنی نوکیا کا عہد اب ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ 8 سال سے نوکیا فونز کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل نے اعلان کیا ہے کہ اب وہ اپنے سمارٹ فونز پر نوکیا کا نام استعمال نہیں کرے گی۔ 2016 میں ایچ ایم ڈی گلوبل نے نوکیا فونز کا لائسنس حاصل کیا تھا جس کے بعد نوکیا سمارٹ فونز دوبارہ منظر عام پر آئے، مگر اب بلیک بیری کی طرح نوکیا فونز کا عہد بھی ختم ہونے والا ہے۔

یہ دونوں کمپنیاں کسی زمانے میں سب سے زیادہ فونز فروخت کرتی تھیں مگر دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں پیچھے رہ گئیں۔ ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ ہمیں نوکیا فونز بنانے والی کمپنی کے طور پر جانا جاتا ہے، مگر ہمارا وژن اب اس سے آگے بڑھ رہا ہے اور ہم اپنی ڈیوائسز پیش کریں گے۔

ایچ ایم ڈی گلوبل نے نوکیا فونز کا لائسنس 10 سال کے لیے حاصل کیا تھا تو ابھی مزید 2 سال تک اس کی جانب سے نوکیا کے فیچر فونز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے لیکن اس بارے میں کمپنی نے مزید کوئی پالیسی اپ ڈیٹ نہیں کی ہے۔