’’جن کیلئے آئٹم سانگ کیے، انہوں نے ساتھ چھوڑ دیا‘‘

کراچی(رم نیوز)ماڈل، میزبان اور اداکارہ متھیرا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج پر جن لوگوں کے لیے مفت میں آئٹم سانگ کیے، ان لوگوں نے انہیں کیریئر کے زوال پر نظر انداز کیا۔

متھیرا نے تقریبا ڈیڑھ دہائی قبل کیریئر کا آغاز ماڈلنگ اور میزبانی سے شروع کیا تھا، بعد ازاں وہ کچھ فلموں، ڈراموں اور گانوں میں بھی دکھائی دیں۔اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی زندگی میں سچے اور اچھے لوگوں کی نسبت برے لوگ زیادہ آئے اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ جن کے لیے انہوں نے عروج کے زمانے میں مفت میں کام کیا، وہی لوگ زوال کے وقت انہیں نظر انداز کرنے لگے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض اوقات وہ کسی کی جانب سے مدد مانگنے پر دوسری جگہ پیسوں یا دوسری چیزوں کا انتظام کرکے دوستوں کی مدد کرتی رہی ہیں۔متھیرا کے مطابق وہ شروع سے حساس دل رہی ہیں، اس لیے انہوں نے کبھی کسی کو کسی چیز کے لیے منع نہیں کیا، ان سے جب بھی کوئی چیز مانگتا ہے، وہ انہیں منع نہیں کر سکتیں۔ماڈل و اداکارہ کا کہنا تھا کہ زوال آنے کے بعد جب انہوں نے عروج میں مفت کام کروانے والے افراد سے کام مانگا تو وہ بہانے کرنے لگے اور بار بار بہانے کرنے لگے، پھر وہ خود ہی ان سے دور ہوگئیں۔انہوں نے کہا کہ ان سے عروج کے وقت میں مفت میں کام کروانے والے لوگوں نے زوال کے وقت میں انہیں مختصر کردار دینے پر بھی بہانے کیے۔ایک سوال کے جواب میں متھیرا نے کہا کہ یہ خیال غلط ہے کہ ان کے پاس ذاتی فوٹوگرافر ہوتا ہے جو ہر وقت ان کی تصویریں اور ویڈیوز بناتا رہتا ہے۔