معین اختر۔۔۔مزاح کے بے تاج بادشاہ

لاہور(رم نیوز)مایہ ناز اداکار معین اختر کی آج گیارہویں برسی ہے۔انہوں نے کامیڈی، اداکاری، کمپیئرنگ سمیت ہر فیلڈ میں اپنا لوہا منوایا۔ معین اختر وہ نام ہے جس کے بغیر پاکستان ٹیلی ویژن اور اردو مزاح کی تاریخ ادھوری ہے۔وہ 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1966ء میں 16 سال کی عمر میں پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔

ان کے مشہورٹی وی ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی، ہاف پلیٹ اور عید ٹرین نمایاں ہیں۔ ڈرامہ روزی میں ان کا کردار شاید کبھی نہ بھلایا جا سکے۔سٹوڈیو ڈھائی، سٹوڈیو پونے تین میں ان کی جوڑی انور مقصود کےساتھ خوب ہوئی۔

فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں معین اختر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیاتھا۔ معین اختر 22 اپریل 2011 کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ۔ ان کے انتقال سے کامیڈی کی دنیا میں جو خلاپیدا ہوا تھا وہ کبھی پر نہیں ہوسکا۔