سلیمان شہباز کو 13 دسمبر تک سرینڈر کرنے کا حکم

اسلام آباد(رم نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کو 13 دسمبر تک عدالت میں سرینڈر کرنے کا حکم دیا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔

سلیمان شہباز کے وکیل نے کہا کہ سلیمان شہباز اکتوبر 2018 سے بیرون ملک ہیں ۔اس کے بعد ایف آئی آر ہوئی۔ عدالت نے کہا پٹیشنر کی عدم موجودگی میں حفاظتی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔سلیمان شہباز کے وکیل نے کہا 11 دسمبر کو سلیمان شہباز پاکستان واپس آئیں گے، استدعا ہے کہ ایئرپورٹ سے عدالت آنے تک سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا جائے۔

اس موقع پر وکیل نے سلیمان شہباز کا ایئر ٹکٹ بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے پیش کیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر گرفتار کرنے سے روک دیا اور 13 دسمبر تک عدالت میں سرینڈر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے۔