"نایاب" میں کرکٹ کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ،یمنی زیدی

کراچی (رم نیوز)اداکارہ یمنی زیدی اب بڑی سکرین پر نظر آئیں گی۔ وہ فلم "نایاب" میں جلوہ گر ہوں گی ۔ اس بارے میں اداکارہ یمنی زیدی کاانٹرویو میں کہنا ہے کہ میں ٹی وی پر جس طرح کے منفرد کردار کررہی ہوں خواہش تھی کہ فلم بھی کروں تو اسی طرح کی کروں ۔فلم نایاب بھی ایک مختلف کردار ہے، تاہم اگر کوئی اچھی کہانی آفر ہوگی تو روایتی ہیروئن کا کردار بھی ضرور کروں گی ۔


ان کاکہنا تھا کہ میں محنت کر رہی ہوں اور اس عمل کا لطف اٹھا رہی ہوں۔ یہ میری پہلی فلم ہے اس لیے ہر چیز کیلئے بہت محتاط ہوں ۔انہوں نے "نایاب " کا انتخاب کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ فلم کا سکرپٹ بہترین تھا جس کی وجہ سے میں نے فلم سائن کی ۔مجھے امید ہے کہ شائقین کو بھی فلم پسند آئے گی۔


یمنیٰ زیدی کی پہلی فلم نایاب کی کہانی خاتون کرکٹر کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی بلا یا گیند نہیں پکڑی اور نہ ہی کسی پاکستانی کرکٹر کا معلوم ہے۔پاکستان میں کرکٹ کا جنون ہے لیکن اتفاق سے میں نے کبھی گیند یا بلّا نہیں پکڑا اور نہ ٹھیک سے کرکٹ دیکھ پائی اس لیے کرکٹ کھیلنے کی باقاعدہ تربیت حاصل کی تھی۔


اس لیے میری پوری توجہ اسی فلم پر تھی، اداکاری میں کوئی لہجہ اختیار کرنا، کوئی انداز اپنانے کے لیے اضافی محنت کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے نایاب فلم پر اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں عکسبندکرائے گئے مناظر سے عوام یقینی طور پر لطف اندوز ہوگی۔ یمنیٰ زیدی ٹیلی ویژن ڈراموں میں اپنے اداکاری کے لیے مشہور ہیں جنہوں نے کئی مشہور ڈرامے کیے جن میں حال ہی میں ڈرامہ ’تیرے بن‘ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ ’دل نا امید تو نہیں‘، ’بختاور‘، اور ’صنفِ آہن‘ اور دیگر شامل ہیں۔