ممبئی(رم نیوز) بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال نے شادی کرلی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونا کشی اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریب ممبئی میں اداکارہ کے گھر پر ہوئی، تقریب میں سوناکشی کے والد شتروگن سنہا اور والدہ پونم سنہا نے شرکت کی تاہم بھائی شریک نہیں ہوئے۔
سوناکشی اور ظہیر نے سرکاری اہلکار کی موجودگی میں سول میرج کی اور شادی کے دستاویزات پر دستخط کیے۔شتروگن سنہا نے بھی سول میرج کی دستاویزات پر دستخط کیے اور بیٹی کو رخصت کیا، سوناکشی نے شادی کے موقع پر آف وائٹ ساڑھی زیب تن کی جبکہ ڈائمنڈ اور موتیوں کا ہار گلے میں پہنا۔
شادی کی تقریب کے بعد جوڑے کی جانب سے ممبئی کے مقامی ریسٹورنٹ میں عشائیہ دیا گیا جس میں فلم اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔عشائیے میں انیل کپور، چنکی پانڈے، کاجول اور دیگر نے شرکت کی جبکہ عشائیے میں اداکارہ نے سرخ رنگ کی ساڑھی زیب تن کی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لیجنڈری اداکارہ ریکھا، کاجول، ہما قریشی، روینہ ٹنڈن، تبو، ادیتی راؤ حیدری، ودیا بالن اور ان کے شوہر، یو یو ہنی سنگھ، ارباز خان، سائرہ بانو، انیل کپور، چنکی پانڈے، ریچا چڈھا اور فردین خان سمیت دیگر ستاروں نے شرکت کرکے ولیمے کی تقریب کو چار چاند لگائے۔