لاہور(رم نیوز)دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لیے قومی سکواڈز کا اعلان کردیا گیا ہے، شعیب ملک اور وہاب ریاض ایک بار پھر ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔آل راؤنڈر عماد وسیم اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کی سکواڈز میں واپسی ہوئی ہے جبکہ فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور محمد عباس ایک بار پھر سکواڈز میں شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق لیگ سپنر یاسر شاہ کو بھی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا، تابش خان، دانش عزیز اورآصف علی سکواڈز میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔فخر زمان ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سکواڈز میں شامل ہیں جبکہ اعظم خان کو پہلی مرتبہ قومی اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے ، وہ ٹی ٹوینٹی ٹیم کاحصہ ہوں گے۔پی سی بی کے مطابق قومی سکواڈمیں شامل ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی 23 جون کو انگلینڈ روانہ ہوں گے، پی ایس ایل میں شرکت کرنےوالےکھلاڑی 25 جون کو ابوظہبی سےانگلینڈ جائیں گے۔انگلینڈ میں 3 ون ڈے 8 ،10 اور 13 جولائی کو کھیلے جائیں گے، انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی میچز 16 ، 18 اور 20 جولائی کو ہوں گے۔قومی ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی جہاں وہ 27 جولائی سے 3 اگست تک 5 ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گی۔ویسٹ انڈیز کے کیخلاف پہلا ٹیسٹ12 اگست، دوسرا ٹیسٹ 20 اگست سے ہوگا۔