’’میرا یقین ہے کہ۔۔۔؟،امام الحق نے بڑی بات کردی

لاہور(رم نیوز)آسٹریلیا سے ہوم سیریز میں عمدہ کارکردگی نے امام الحق کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔آسٹریلیا کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں امام الحق نے زبردست فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 370 رنز بنائے، ان میں مسلسل 2سنچریز بھی شامل تھیں،بعد ازاں3 ون ڈے میچز میں بھی انھوں نے 101، 106 اور 89 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلیں۔امام الحق نے کہا نیٹ پریکٹس اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل محنت کا سلسلہ جاری رکھا جس کا نتیجہ عمدہ فارم کی صورت میں برآمد ہوا، ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلوی ٹیم ہمارے لیے ایک سخت چیلنج ثابت ہوئی، بطور کرکٹر مجھے بھی سخت دباؤ میں کھیلنے کا ہنر سیکھنے کا موقع ملا، میرا یقین ہے کہ جب بھی آپ محنت کرتے ہیں تو اس کا پھل ضرور ملتا ہے،کینگروز کی مضبوط بولنگ کے خلاف اچھی اننگز کھیل کر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ آسٹریلیا جیسی ٹیمیں پاکستان آئیں گی تو قومی ٹیم اور کرکٹروں کو بھی اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے مواقع ملتے رہیں گے۔