ٹی 20 ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو آؤٹ کلاس کر دیا، آئی لینڈرز سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

کولمبو(رم نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد سری لنکا کو 61 رنز سے عبرتناک شکست دے دی ہے۔ اس ہار کے ساتھ ہی میزبان سری لنکا کی سیمی فائنل تک رسائی کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے باز کیوی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 107 رنز بنا سکی۔ سری لنکا کی پہلی 4 وکٹیں محض 29 رنز پر گر گئیں۔ پاتھم نسانکا صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان چریتھ اسالانکا بھی صرف 5 رنز بنا سکے۔ سری لنکا کی جانب سے مینڈس 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ دونتھ ویلالاگے نے 29 رنز بنا کر سکور کو کچھ سہارا دیا۔

نیوزی لینڈ کی شاندار باؤلنگ اور بیٹنگ نیوزی لینڈ کی جانب سے پارٹ ٹائمر راچن رویندرا نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میٹ ہینری نے 2، جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 168 رنز بنائے۔کپتان مچل سینٹنر نے 47 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ کول مکونکی نے 31 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ راچن رویندرا نے 32 رنز سکور کیے۔ مہیش ٹھیکشانا اور دشمانتا چمیرا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ نیوزی لینڈ کی اس بڑی فتح نے اسے سیمی فائنل کی دوڑ میں انتہائی مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا ہے، جبکہ سری لنکا کے لیے ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ کپ کا سفر تمام ہو چکا ہے۔