لاہور (رم نیوز)لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے اعصاب شکن مقابلے میں حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو محض 2 رنز سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔عثمان خان نے 61 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں پہنچایا۔کپتان مارنوس لبوشانے 40، صائم ایوب 38 اور کوشال پریرا 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 185 رنز بنا سکی اور جیت سے محض ایک قدم دور رہ گئی۔مارک چیپمین 43 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ حیدر علی نے 31 رنز بنائے۔آخری لمحات میں کرس گرین (21) اور عماد وسیم نے بھرپور کوشش کی مگر ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔حیدرآباد کی جانب سے محمد علی اور حنین شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم کی پیش قدمی روکی۔پی ایس ایل 11 کا فائنل 3 مئی بروز اتوار قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ٹائٹل کے حصول کے لیے حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کے درمیان بڑا ٹاکرا متوقع ہے۔