"غزہ میں ہر دس منٹ میں ایک بچہ شہید یا زخمی ہورہا ہے"

غزہ(رم نیوز)غزہ میں ہر دس منٹ میں ایک بچہ شہید یا زخمی ہورہا ہے ۔ اس بارے میں اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کی ہے، رپورٹ میں بتایاگیا ہےکہ غزہ میں ہر دس منٹ میں ایک بچہ شہید یا زخمی ہورہاہے۔ اسرائیل کے تازہ حملوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 42 فلسطینی شہید63 زخمی ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور بمباری سے بچنے کے لیے اپنے گھر بار چھوڑ کر 20 لاکھ افراد رفح میں پناہ لیے ہوئے ہیں جو قدرے محفوظ علاقہ تھا۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے رفح میں حماس کے خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے جہاں وہ اسرائیلی فوج پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

امریکہ اور دیگر اتحادی ممالک نے بھی رفح میں پناہ گزینوں کی زندگیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے بغیر کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کی مخالفت کی ۔تاہم اسرائیل نے اتحادیوں کی تنبیہ کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے حماس کے کمانڈرز کی موجودگی کا بہانہ بناکر رفح پر حملے شروع کردیے ، اسرائیلی فوج نے رفح کے اطراف فوجیوں کی تعداد بڑھاتے ہوئے زرعی زمین کو تباہ کردیا۔دوسری جانب نور شمس پناہ گزین کیمپ میں حماس اور اسرائیلی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ایک نوجوان سمیت 5 فلسطینی شہید اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔