افغانستان میں زلزلے نے تباہی مچادی۔۔۔عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں

پکتیکا(رم نیوز)افغانستان میں 6.1 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور950 افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔صوبہ پکتیکا، خوست اور دیگر علاقوں میں 950 افراد جاں بحق ہوئے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زلزلے کی شدت 6.1 جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 51 کلو میٹر تھی۔

مشرقی صوبہ پکتیکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں سے ملنے والی تصاویر میں تباہی کے آثار نمایاں ہیں۔متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور دوردراز علاقوں میں زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔طالبان رہنما ہبت اللہ اخونزادہ کا کہنا ہے کہ اس زلزلے سے سینکڑوں مکانات منہدم ہوگئے ہیں اس لیے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ طالبان کے آفات سے نمٹنے کی وزارت کے نائب وزیر مولوی شرف الدین مسلم نے کابل میں ہلاک اور زخمیوں کی تعداداور ان کی امدادی کارروائیوں کے بارے میں بتایا۔