پی ٹی آئی کا آج ریلی نکالنے کا اعلان۔۔۔۔محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی کو خط لکھ دیا

لاہور(رم نیوز)پی ٹی آئی کی طرف سے آج زمان پارک لاہور سے دوپہر ایک بجے ریلی نکالی جائے گی۔ریلی فیروز پور روڈ سے ہوتی ہوئی داتا دربار پر ختم ہوگی۔ عمران خان ریلی کی قیادت کریں گے۔

اس بارے میں پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے ریلی آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی جائے گی۔ حماد اظہر کاکہنا ہے کہ پاکستان کا اصلی شیر آج زمان پارک سے نکلے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ریلی سے متعلق پی ٹی آئی کو خط لکھ کر موجودہ صورتحال میں زیادہ حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ٹی آئی کی ریلی کے حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو مراسلہ لکھا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آج تحریک انصاف کی ریلی کے لیے سکیورٹی انتظامات سخت کیے جائیں، لاہور میں آج خواتین کے عالمی دن پر خواتین مارچ بھی ہو رہا ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے پی ٹی آئی قیادت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون یقینی بنائے۔ سکیورٹی صورتحال میں عوامی اجتماعات کا ہونا مناسب نہیں ہے۔