طیارے اور ڈرون کا ٹکرائو۔۔۔روس نے امریکی دعوے کو مستردکردیا

ماسکو(رم نیوز) روس نے اپنے لڑاکا طیارے کے امریکی ڈرون سے ٹکرانے کا امریکی دعویٰ مسترد کردیا ۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے روسی لڑاکا طیارہ امریکی ڈرون طیارے سے رابطے میں نہیں آیا۔روسی لڑاکا طیارے نے کوئی ہتھیار امریکی طیارے کے خلاف استعمال نہیں کیے۔ امریکی ڈرون طیارہ اپنی تیز رفتاری کے باعث سمندر میں گر کر تباہ ہوا ۔روس کی وزارت دفاع کے مطابق روس کا لڑاکا طیارہ اپنی ایئر فیلڈ پر حفاظت سے واپس پہنچ گیا۔

واضح رہے امریکی فوج نے کہا تھا بحیرہ اسود پر دوران پرواز روسی لڑاکا طیارے کی طرف سے امریکی ڈرون کو روکنے کی کوشش کے دوران ڈرون طیارے سے ٹکرانے کے بعد بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہوا ۔ اسی واقعے میں روس کے طیارے کو بھی نقصان پہنچا۔امریکی فوجی حکام نے روس کے طیاروں کے اس عمل کو غیر محفوظ اور غیر پیشہ وارانہ کارروائی قرار دیااورکہا روس کے طیارے نے متعدد بار امریکی ڈرون کے قریب سے گزر کر اس پر تیل گرانے کی کوشش بھی کی جو ماحولیاتی اور پیشہ ور اخلاقیات کے منافی عمل تھا۔