روایت شکن ٹرمپ ۔۔۔ کیا امریکی صدارتی الیکشن 2024 کے لیے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار بنیں گے ؟۔۔۔۔کیا وہ الیکشن جیل سے لڑیں گے یا ٹرمپ ٹاور سے؟

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو روایت شکن کہاجاتا ہے ۔ انہوں نے اپنے دور سیاست میں بہت سے ایسے فیصلے کیے اور اقدامات اٹھائے ہیں کہ ان کو روایت شکن لیڈر کے طور پر یادکیاجاتا ہے۔تاہم امریکی صدارتی الیکشن 2024 کے لیے سب سے اہم بات یہ ہےکہ وہ اس وقت مختلف مقدمات میں الجھے ہو ئے ہیں۔ تاہم اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ یہ مقدمات ان کے راستے کی دیوار نہیں ہیں اور صدارتی الیکشن لڑنے کی شرائط کے اہل ہیں۔

تاہم اس سے قبل یہ بات بہت اہم ہے کہ کیا وہ 2024 میں ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار بنیں گے اور اگر وہ فائنل ہوگئے تو وہ الیکشن جیل سے لڑیں گے یا ٹرمپ ٹاور سے ،اس کا فیصلہ توآنے والا وقت ہی کرے گا۔ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 100 کے قریب فوجداری اور سول الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا ہے لیکن وہ ملک کے اگلے صدر بننے کے لیے ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ان کی عوامی مقبولیت میں بھی بظاہر کوئی کمی نظر نہیں آئی۔ امریکہ کی تاریخ میں پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کوئی شخص اتنے مقدمات کے بعد صدارتی امیدوار بنا ہو لیکن ٹرمپ نے جیسے کئی روایات کو توڑا تو شاید اب بھی وہ کوئی روایت توڑیں۔

اگر آئندہ انتخابات سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کو ان الزامات میں سے کسی الزام کے تحت سزا ہو بھی جاتی ہے تو انھیں الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا کیونکہ امریکہ میں صدارتی الیکشن لڑنے کے لیے صرف تین شرائط عمر کم از کم 35 برس، پیدائشی امریکی ہونا، 14 برس تک امریکہ میں مستقل رہائش ضروری ہے۔ 2023 ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ وہ نہ صرف صدارتی ٹکٹ کی مہم چلا رہے ہیں بلکہ امریکہ کی تاریخ کے پہلے صدر بھی ہیں، جن پر فراڈ سمیت کئی مقدمات کی فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔

جنوری 2021 میں ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی کانگریس کی عمارت پر دھاوا بول دیا۔ ٹرمپ پر ان افراد کو بغاوت پر اکسانے کا الزام ہے۔ٹرمپ کی سیاسی زندگی خاصی دلچسپ رہی ہے۔ ریئل سٹیٹ ٹائیکون ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی الیکشن لڑنے کی پہلی کوشش جون 2000 میں ریفارم پارٹی کے پلیٹ فارم سے کی تھی۔
جون 2015 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک سے ریپبلکن پارٹی کے صدارتی ٹکٹ کی مہم شروع کی اور اگلے برس جولائی تک تمام پیشگوئیوں کے برخلاف ریپبلکن پارٹی کا صدارتی ٹکٹ حاصل کر لیا۔امریکی اسٹیبلشمنٹ میں کئی لوگ انھیں ایک بہت بڑا چیلنج سمجھتے ہیں۔