ڈھاکہ(رم نیوز)بنگلہ دیش نے انتہا پسند عناصر کی جانب سے دھمکیوں کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بھارت کیلئے ویزا پابندیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ویزا سروس معطل کر دی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش نے بھارت میں مزید تین اہم سفارتی مشنز کے ویزا سیکشنز عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی پابندیاں جمعرات سے نافذ العمل ہو چکی ہیں۔ تازہ فیصلے کے تحت کاروباری اور ملازمت کے ویزوں کے علاوہ تمام اقسام کے ویزوں کا اجرا روک دیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق کولکتہ میں قائم بنگلہ دیشی ڈپٹی ہائی کمیشن میں قونصلر اور ویزا خدمات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں، جبکہ ممبئی اور چنئی میں سیاحتی سمیت دیگر تمام ویزا سہولیات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں جن سفارتی مشنز کو سکیورٹی سے متعلق واقعات کا سامنا رہا، وہاں ویزا خدمات روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور یہ اقدام مکمل طور پر سکیورٹی بنیادوں پر اٹھایا گیا ہے۔