ایران میں فسادات امریکہ اور اسرائیل کی سازش ہیں، عوام محتاط رہیں: صدر مسعود پزشکیان

تہران(رم نیوز)مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل اپنے مفادات کے لیے ایران میں فسادات اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایرانی میڈیا سے گفتگو میں صدر مسعود پزشکیان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فسادیوں اور دہشت گرد عناصر سے دور رہیں اور ملک میں امن برقرار رکھنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل، انصاف کے قیام اور استحکام کے لیے سرگرم ہے اور کسی کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایرانی صدر نے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کریں اور فسادات کے خلاف کھڑے ہوں، جبکہ بدعنوانی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ واضح رہے کہ ایران میں گزشتہ دو ہفتوں سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور کشیدہ صورتحال کے باعث خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔