بیروت(رم نیوز) لبنان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں اسرائیل کی تازہ فضائی جارحیت کے نتیجے میں حزب اللہ کے ایک اہم کمانڈر سمیت کم از کم 12 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ ان حملوں میں رہائشی علاقوں اور پناہ گزین کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ حزب اللہ نے باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ مشرقی لبنان میں ہونے والے اسرائیلی حملوں میں ان کے ایک اہم رہنما محمد یاغی صادق شہید ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فضائیہ نے حزب اللہ اور اس کے فلسطینی اتحادی گروپ حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق وادی بیکا اور دیگر جنوبی علاقوں میں ہونے والی اس کارروائی کے المناک نتائج سامنے آئے ہیں۔
وادی بیکا میں مختلف مقامات پر 10 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ مجموعی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔حملوں میں 24 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ پناہ گزین کیمپ پر حملہ: فضائی بمباری سے چند گھنٹے قبل لبنان کے سب سے بڑے فلسطینی پناہ گزین کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔