ایران کے گرد گھیرا تنگ: دنیا کا سب سے بڑا امریکی جنگی بحری جہاز جیرالڈ فورڈ بحیرہ روم پہنچ گیا

واشنگٹن (رم نیوز)امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے بادل گہرے ہونے لگے ہیں۔ دنیا کا سب سے بڑا اور جدید ترین امریکی بحری بیڑا 'جیرالڈ فورڈ' بحیرہ روم پہنچ گیا ہے، جس کے بعد خطے میں عسکری توازن میں بڑی تبدیلی پیدا ہو گئی ہے۔ جبرالٹر کے قریب اس عظیم الجثہ بحری جہاز کی نقل و حرکت کی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔ دفاعی رپورٹس کے مطابق، جیرالڈ فورڈ پر درجنوں جدید ترین لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر کسی بھی ہنگامی مشن کے لیے مکمل تیار ہیں۔

اس کے علاوہ ایک اور امریکی بحری بیڑا 'ابراہم لنکن' پہلے ہی مشرقِ وسطیٰ میں تعینات ہے، جس سے ایران پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ اس وقت مشرقِ وسطیٰ کے سمندروں میں مجموعی طور پر 13 امریکی جنگی جہاز پوزیشن سنبھال چکے ہیں، جن میں 9 ڈیسٹرائر اور 3 ساحلی لڑاکا جہاز شامل ہیں۔

پرتگال کے جزیرے تریسیرا پر واقع امریکی 'لاجیس ایئربیس' پر بھی جنگی طیاروں کی غیر معمولی آمد و رفت دیکھی گئی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی 12 روزہ ڈیڈ لائن کے بعد یہ نقل و حرکت کسی بھی وقت "محدود حملوں" کی شروعات کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔