فٹبال ورلڈ کپ 2026: ایران کی شرکت پر سوالیہ نشان، ٹرمپ کا دوٹوک موقف سامنے آگیا

واشنگٹن/تہران (رم نیوز ) فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں 100 دن سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، تاہم امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ایونٹ میں ایران کی شرکت مشکوک دکھائی دینے لگی ہے۔ میزبان ملک امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے سخت بیان جاری کیا ہے۔ امریکی جریدے 'پولیٹیکو' کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ایران ورلڈ کپ میں شرکت کرتا ہے یا نہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا مجھے واقعی کوئی پروا نہیں ،فٹبال ورلڈ کپ میں ایران آئے یا پھر نہ آئے۔ میرا خیال ہے کہ ایران شکست خوردہ ملک ہے جو اب اپنے آخری سانسوں پر ہے۔ دوسری جانب ایرانی فٹ بال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ حملوں کو عالمی کھیلوں کے ماحول کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا ہے۔ مہدی تاج کے مطابق، ایران کے اعلیٰ کھیل حکام موجودہ صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

ایران نے ابھی تک ورلڈ کپ کے باقاعدہ بائیکاٹ کا اعلان تو نہیں کیا، لیکن یہ واضح کیا ہے کہ وہ تمام پہلوؤں کو دیکھ کر ہی شرکت کا حتمی فیصلہ کریں گے۔ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر میزبانی کر رہے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ میزبان ملک کے صدر کے تضحیک آمیز بیان اور فوجی حملوں کے بعد ایران کی شرکت کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔