’ایران پر حملوں میں نمایاں اضافہ ہوگا‘: امریکی وزیر دفاع کا ڈیاگو گارسیا سے آپریشنز تیز کرنے کا اعلان

واشنگٹن / فلوریڈا(رم نیوز) امریکی وزیردفاع پیٹ ہیگستھ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے دائرہ کار اور شدت میں آنے والے دنوں میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ یہ بیان گذشتہ رات امریکی سینٹرل کمانڈ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایڈمرل بریڈ کوپر کے ہمراہ ہونے والی ایک اہم بریفنگ کے بعد سامنے آیا۔ پیٹ ہیگستھ نے واضح کیا کہ تہران اور ایران کے دیگر اہداف پر امریکی حملوں کی تعداد اور طاقت اب پہلے سے کہیں زیادہ ہوگی۔

وزیردفاع نے بحرِ ہند میں واقع برطانوی فوجی اڈے ڈیاگو گارسیا تک رسائی ملنے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ اس اڈے کے استعمال سے واشنگٹن کو ایران کے خلاف اپنی فضائی مہم کو مزید مہلک اور تیز بنانے میں بھرپور مدد ملے گی۔ پیٹ ہیگستھ نے برطانیہ کی جانب سے اڈے کے استعمال کی اجازت دینے میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدقسمتی تھی کہ برطانیہ نے پہلے دن ہی رسائی نہیں دی، تاہم اب ہم وہاں پہنچ چکے ہیں اور آپریشنز کے لیے تیار ہیں۔