آبنائے ہرمز میں ٹکراؤ کا خطرہ: 'ٹرمپ میں ہمت ہے تو بحری بیڑے بھیج کر دکھائے'، ایرانی پاسداران انقلاب کا کھلا چیلنج

تہران (رم نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے اس وقت عالمی معیشت کی شہ رگ "آبنائے ہرمز" کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے انہیں چیلنج کیا ہے کہ اگر امریکہ میں ہمت ہے تو وہ اس حساس آبی گزرگاہ میں تیل بردار جہازوں کی حفاظت کے لیے اپنے بیڑے تعینات کر ے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے امریکی صدر کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اپنے بحری جہازوں کے ذریعے آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز سے گزار کر دکھائے۔

ایرانی فوج نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اگرچہ آبنائے ہرمز بدستور کھلی ہے، تاہم اگر کسی بھی امریکی یا اسرائیلی جہاز نے یہاں سے گزرنے کی کوشش کی تو اسے فوری طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔یہ تناؤ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد شدت اختیار کر گیا ہے جس میں انہوں نے ضرورت پڑنے پر امریکی بحریہ کو متحرک کرنے کا اشارہ دیا تھا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اامریکی نیوی تجارتی جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔

امریکی مالیاتی ادارے ان بحری جہازوں کی انشورنس میں بھی بھرپور مدد کریں گے۔ آبنائے ہرمز دنیا کا وہ اہم ترین بحری راستہ ہے جہاں سے سعودی عرب، ایران، عراق، کویت، بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات کا برآمد شدہ تیل پوری دنیا کو سپلائی کیا جاتا ہے۔