تل ابیب(رم نیوز) حزب اللہ کے مسلسل حملوں سے ہونے والی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے شمالی اسرائیل کے شہر مارگالیوت کے میئر میڈیا کے سامنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور زار و قطار رو پڑے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں میئر کو شہر کی بدحالی پر نوحہ کناں دیکھا جا سکتا ہے۔ میئر نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ "سب کچھ تباہ ہو چکا ہے، ہمارا شہر مٹنے کے قریب پہنچ گیا ہے"۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ مسلسل گولہ باری کے باعث شہر کی دو تہائی سے زیادہ آبادی گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکی ہے۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ریاست اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور سرحدی علاقوں کو قسمت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ روتے ہوئے میئر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ صورتحال میں اسرائیل کے حق میں عالمی حمایت بھی ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے، جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس اور مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی سرحد پر حزب اللہ کے حملوں میں حالیہ دنوں میں شدت آئی ہے، جس سے کئی قصبے اور بستیاں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔