ابوظہبی پر بیلسٹک میزائل حملہ ناکام

ابوظبی (رم نیوز) متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ابوظہبی کو نشانہ بنانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، تاہم میزائل کا ملبہ گرنے سے 5 افراد زخمی اور دو مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ سرکاری بیان کے مطابق اماراتی ایئر ڈیفنس سسٹم نے بیلسٹک میزائل کی بروقت نشاندہی کی اور اسے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں ناکارہ بنا دیا۔ یہ واقعہ ابوظبی کے اہم تجارتی اور صنعتی مرکز خلیفہ اکنامک زون (KEZAD) کے قریب پیش آیا، جہاں میزائل کا ملبہ گرنے سے دو الگ الگ مقامات پر آگ لگ گئی۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے پانچوں افراد بھارتی شہری ہیں، جنہیں معمولی اور درمیانے درجے کی چوٹیں آئی ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔