خلیج فارس کا 'آئل حب': جزیرہ خارگ عالمی معیشت کے لیے کیوں ناگزیر ہے؟

جزیرہ خارگ عالمی معیشت کا کلیدی مہرہ ہے اور مشرقِ وسطیٰ کا 'فلیش پوائنٹ' قرار دیاجاتا ہے۔ خلیج فارس کے نیلگوں پانیوں میں واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ، جس کا نام 'خارگ' ہے، آج عالمی سیاست اور معیشت کے نقشے پر سب سے اہم مقام بن چکا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس کی مدد پر تیل پر قبضے کی باتیں کررہے ہیں،ٹرمپ کاکہنا ہے کہ امریکہ جزیرہ خارگ کی مدد سے ایرانی تیل حاصل کرسکتا ہے، انہوں نے اس بات کاا ظہار فنانشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں بھی کیا ہے۔ یہ محض ایک جزیرہ نہیں بلکہ ایران کی اقتصادی بقا کا ضامن اور عالمی توانائی کی سپلائی لائن کا ایک ایسا حساس 'سوئچ' ہے جسے چھیڑنے کا مطلب پوری دنیا میں معاشی زلزلہ لانا ہے۔۔

جزیرہ خارگ کی سب سے بڑی اہمیت اس کا آئل ٹرمینل ہے۔ ایران اپنے کل خام تیل کی برآمدات کا تقریباً 90 سے 95 فیصد حصہ اسی مقام سے عالمی منڈیوں کو روانہ کرتا ہے۔ جزیرے کی جغرافیائی ساخت اسے ایک قدرتی گہرے پانی کی بندرگاہ بناتی ہے، جہاں دنیا کے سب سے بڑے تیل بردار جہاز (VLCCs) باآسانی لنگر انداز ہو سکتے ہیں۔ اگر خارگ سے تیل کی ترسیل رک جائے تو ایران کی معیشت چند دنوں میں مفلوج ہو سکتی ہے۔ خارگ صرف ایک تجارتی مرکز نہیں بلکہ ایک "ناقابلِ تسخیر قلعہ" بھی ہے۔ ساحلِ ایران سے قربت کی وجہ سے یہ جزیرہ ایران کے زمینی میزائل نظام اور فضائی دفاعی چھتری کے عین نیچے واقع ہے۔ تزویراتی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ جزیرے پر قبضہ کر لینا ایک بات ہے، لیکن وہاں سے تیل کی محفوظ ترسیل یقینی بنانا بالکل دوسری بات۔ ایران کے پاس ساحلی پٹی پر موجود ہزاروں خودکش ڈرونز، تیز رفتار کشتیاں اور سمندری بارودی سرنگیں اس راستے کو کسی بھی قابض قوت کے لیے جہنم بنا سکتی ہیں۔

اگر جزیرہ خارگ جنگ کی زد میں آتا ہے یا اس کا آپریشن معطل ہوتا ہے، تو اس کا اثر صرف ایران تک محدود نہیں رہے گا۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں فی بیرل 150 ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں، جس سے دنیا بھر میں مہنگائی کا ایک ایسا طوفان آئے گا جسے روکنا کسی بھی عالمی طاقت کے بس میں نہیں ہوگا۔ جزیرہ خارگ مشرقِ وسطیٰ کے شطرنج کی بساط کا وہ مہرہ ہے جس پر سب کی نظریں جمی ہیں۔ یہ وہ مقام ہے جہاں معیشت، سیاست اور عسکری طاقت کا سنگم ہوتا ہے۔ ایران کے لیے یہ اس کی بقا کا مسئلہ ہے، جبکہ عالمی طاقتوں کے لیے یہ توانائی کے تحفظ کا ایک پیچیدہ معمہ بھی ہے۔خارگ کے ساتھ کیا ہوتا ہے اور امریکی صدر کی اپنی بات پوری کرپاتے ہیں اس کا اندازہ آنے والے وقت میں ہی ہوگا۔