انڈونیشیا کے سمندری علاقے میں 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ، سونامی کا الرٹ جاری

جکارتہ (رم نیوز)انڈونیشیا کے مولوکا سمندری علاقے میں آنے والے 7.8 شدت کے شدید زلزلے نے خطے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ زلزلے کے فوری بعد حکام کی جانب سے سونامی کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے ساحلی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کی شدت ریختر اسکیل پر 7.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی سطح سمندر سے محض 10 کلومیٹر تھی۔

زلزلے کا مرکز سمندر کے اندر ہونے اور اس کی کم گہرائی کی وجہ سے لہروں کے بپھرنے کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ماہرینِ ارضیات اور مقامی حکام نے زلزلے کے مرکز سے 1000 کلومیٹر کے دائرے میں واقع ساحلی پٹیوں کو خطرناک قرار دیا ہے۔ حکام نے ساحلی علاقوں کے مکینوں کو فوری طور پر بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔یاد رہے کہ انڈونیشیا 'رنگ آف فائر' پر واقع ہونے کے باعث زلزلوں اور آتش فشاں کے حوالے سے دنیا کے حساس ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ ابھی تک زلزلے سے ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی حتمی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔