اسلام آباد(رم نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس سے کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین متاثر ہوں گے۔نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں ایک روپے 42 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ فروری 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے۔
اس اضافے کا بوجھ صارفین کو اپریل کے بلوں میں برداشت کرنا پڑے گا اور اضافہ شدہ رقم اسی ماہ وصول کی جائے گی۔ حکومتی گائیڈ لائنز کے تحت اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی یکساں طور پر ہوگا۔حکام کے مطابق اس حالیہ اضافے سے لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو استثنیٰ حاصل ہوگا، یعنی ان پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہے۔
اس سے قبل جنوری کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے دوران بھی بجلی کی قیمت میں ایک روپے 63 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا تھا۔ نیپرا نے فروری کی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے سماعت مکمل کرنے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے اب نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔