ایران میں غیر یقینی صورتحال: 21 اپریل سے تمام تعلیمی ادارے 'ورچوئل' کرنے کا اعلان

تہران(رم نیوز)ایرانی وزارتِ تعلیم نے ملک کے بدلتے ہوئے حالات اور مختلف رکاوٹوں کے پیشِ نظر تمام اسکولوں کو روایتی تدریس سے ہٹا کر آن لائن لرننگ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان علی فرہادی کے مطابق، 21 اپریل سے ملک بھر کے تمام اسکولوں میں ورچوئل کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔ یہ حکم تمام تعلیمی سطحوں (پرائمری تا ہائر سیکنڈری) کے لیے ہے اور اگلے حکمِ ثانی تک نافذ رہے گا۔ اگرچہ باقاعدہ وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم یہ اقدام ملک میں جاری 36 گھنٹے طویل انٹرنیٹ بلیک آؤٹ اور دیگر انتظامی مسائل کے دوران سامنے آیا ہے۔وزارتِ تعلیم کا کہنا ہے کہ جب بھی حالات معمول پر آئیں گے اور بالمشافہ کلاسز بحال کرنے کا فیصلہ ہوگا، تو اس کا اعلان کم از کم 3 دن پہلے کیا جائے گا تاکہ والدین اور طلبہ کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔