تہران (رم نیوز) لبنان میں ہونے والی حالیہ جنگ بندی اور پاکستان و امریکہ کی کامیاب سفارت کاری کے بعد ایران نے عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے کلیدی گزرگاہ "آبنائے ہرمز" کو تمام کمرشل جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھولنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی اور مال بردار جہازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے اور یہ راستہ جنگ بندی کی مدت کے دوران مکمل طور پر فعال رہے گا۔
تمام تجارتی جہازوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایران کی بندرگاہوں اور بحری امور کی تنظیم کی جانب سے طے شدہ محفوظ اور مربوط راستوں پر سفر کریں۔ عباس عراقچی کے مطابق یہ اقدام خطے میں استحکام لانے اور عالمی تجارت کو دوبارہ پٹڑی پر چڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا میں تیل کی ترسیل کا سب سے بڑا راستہ ہے، جہاں سے روزانہ لاکھوں بیرل خام تیل گزرتا ہے۔ پاکستان کی ثالثی اور تہران و واشنگٹن کے درمیان ہونے والی پیش رفت کے نتیجے میں اس گزرگاہ کا کھلنا عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں استحکام اور سپلائی چین کی بحالی کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔