پاکستان نے طوفان سے متاثرہ سری لنکا کے لیے مزید 200 ٹن امداد بھیج دی

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان نے طوفان سے شدید متاثرہ سری لنکا کے لیے 200 ٹن اضافی امدادی سامان روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انسانی ہمدردی کے اس اقدام کے تحت خیمے، کمبل، خوراک اور ادویات سری لنکا کے متاثرہ علاقوں تک پہنچائی جائیں گی تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چودھری کاکہنا ہے کہ پاکستان نے حالیہ طوفانی صورتحال سے متاثرہ سری لنکا کی مدد کے لیے مزید 200 ٹن امداد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ کولمبو میں سری لنکن رہنماؤں سے ملاقات اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا، جس میں یہ فیصلہ کیاگیاکہ متاثرہ خاندانوں کی درمیانی مدت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید امداد کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ 200 ٹن امدادی سامان بحری جہاز کے ذریعے روانہ کیا گیا ہے جو 13 دسمبر تک سری لنکا پہنچنے کی توقع ہے۔

اس قافلے میں خیمے، کمبل، لحاف، مچھروں کے جال، کیمپنگ لیمپ، چٹائیاں، لائف جیکٹس، پانی نکالنے کے پمپ، ادویات، دودھ پاؤڈر اور فوری استعمال کے لیے غذائی اشیاء شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نیوی کے جہاز اور فضائی اثاثے سری لنکا میں جاری ریلیف کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں ریسکیو، نقل و حمل اور ہنگامی امدادی آپریشن شامل ہیں۔ نیول ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں کمیونٹیز کی مدد کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سری لنکا کا دورہ کیا تاکہ طوفان"ڈٹوواہ" کے بعد پاکستان کی یکجہتی کا پیغام پہنچایا جا سکے۔