افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خطرہ بڑھ رہا ہے، عالمی برادری اقدامات کرے:وزیراعظم شہباز شریف

اشک آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا نیا خطرہ ابھر رہا ہے اور عالمی برادری کو افغان حکومت پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا چاہیے۔

ترکمانستان کی 30 سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اشک آباد کی خوبصورتی اور ترکمان عوام کی گرمجوشی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ 2025 کو بین الاقوامی سال امن و اعتماد قرار دینا خوش آئند ہے اور پاکستان نے رواں سال سلامتی کونسل میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون تنازعات کے پرامن حل پر مبنی ہے اور پاکستان کی حمایت سے غزہ امن منصوبہ منظور ہوا، جس کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینیوں کو سکون ملا۔