امریکہ، برطانیہ اور فرانس کا رویہ منافقانہ ہے: ایران

تہران(رم نیوز)اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے امریکہ، برطانیہ اور فرانس کے رویے کو منافقانہ قرار دے دیا۔ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ یہ ممالک کئی ماہ سے اسرائیل کو ناصرف غزہ کے قتل عام کی ذمہ داری سے محفوظ کررہے ہیں بلکہ فلسطینی عوام کی نسل کشی کو بھی جائز قرار دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں اسرائیلی فوجی اہداف کے خلاف کارروائی کی، اسرائیلی فوجی اہداف کو ڈرونز اور میزائلوں سے ٹارگٹ کیا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز کیا تو ایران ردعمل کا حق استعمال کرے گا۔واضح رہے کہ اسرائیل نے ائیربیس کو نقصان پہنچنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ تصاویر اور ویڈیوز جاری کر دیں۔

رپورٹ کے مطابق پانچ ایرانی میزائلوں سے نیوایتم ایئر بیس کے تین رن ویز کو نقصان ہوا، نیوایتم ائیر بیس اسرائیل کا سب سے بڑا جنگی بیس ایئر بیس ہے۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کے اُس فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جہاں سے دمشق کے ایرانی سفارتخانے پر حملہ کیا گیا تھا، امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا امریکی فوج نے اسرائیل پر حملے کے لیے بھیجے گئے اسی سے زائد ڈرونز اور چھ بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کیا۔