اسرائیل کے مطالبے پرسلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس۔۔۔۔ بغیر کسی اہم نتیجے کے ملتوی

نیویارک(رم نیوز)اسرائیل کے مطالبے پرسلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیاگیا جو بغیر کسی اہم نتیجے کے ملتوی کردیاگیا۔ اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جو کچھ دیر بعد ہی بغیر کسی اہم نتیجے کے ملتوی کر دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس اسرائیلی درخواست پر طلب کیا گیاتھا۔ اسرائیل نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کرے اور ایران کے پاسدارانِ انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کیلئے اقدامات اٹھائے۔اسرائیل کی درخواست پر طلب کیا گیا سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس رسمی کارروائی کے بعد ملتوی کر دیا گیا، سلامتی کونسل میں اسرائیل ایران تنازع پر مزید بحث بعد میں کی جائے گی۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت کیخلاف طاقت کا استعمال منع ہے، مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر ہے، خطے کو تباہ کن جنگ کے خطرے کا سامنا ہے۔